روسی افواج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل

خارکیف،ماسکو:روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے یوکرین کے جنوبی شہر خیرسن اور جنوب مشرقی شہر برڈیانسک کا مکمل محاصرہ کر لیا ہے۔

روسی وزیر دفاع کے ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران خیرسن اور برڈیانسک کو روسی فوج نے مکمل بلاک کر دیا ہے۔

دوسری جانب روسی فوج نے کہا ہے کہ جمعرات سے یوکرائن میں جاری عسکری مداخلت کے دوران اب تک 471یوکرائنی فوجی گرفتار کیے جا چکے ہیں جب کہ تقریبا ًایک ہزار مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ 

روسی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق ماسکو کے فوجی دستے اب تک یوکرائن کے 11 لڑاکا ڈرونز، 223ٹینک اور زمین پر کھڑے 28طیارے تباہ کر چکے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ یوکرائن کے مشرق میں ڈونباسک کے علاقے میں علیحدگی پسندوں نے بارہ کلومیٹر کے فاصلے تک پیش قدمی کی ہے۔ان روسی دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب خارکیف کی علاقائی انتظامیہ کے چیئرمین نے کہا کہ روسی فوج ملک کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہو گئی ہے اور لڑائی جا ری ہے۔

چیئرمین اولے سائنی گوبوف نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ یوکرین کی افواج دشمن کو ختم کر رہی ہیں۔روس نے کہا ہے کہ یوکرین کے ساتھ بیلا روس میں بات چیت کے لیے تیار ہے۔

 دوسری جانب یوکرین کے صدر نے کہا ہے کہ بات چیت کے لیے تیار لیکن بیلا روس میں نہیں۔

اس سے قبل یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی کے دفتر نے کہا کہ روسی افواج نے خارکیف میں ایک گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جبکہ دارالحکومت کیئف کے ایک ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

یوکرین کی سرکاری مواصلاتی سروس نے کہا ہے کہ دارالحکومت سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر  تیل کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

 حکام نے خبردار کیا ہے کہ تیل ڈپو سے اٹھنے والے دھوئیں سے ماحولیاتی تباہی پیدا ہو سکتی ہے اور شہریوں کو زہریلی دھوئیں سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔

 ابتدائی معلومات سے واضح نہیں کہ یہ پائپ لائن کس قدر اہم ہے اور کیا اس دھماکے سے ملک کے کسی بھی حصے میں گیس کی ترسیل متاثر ہو سکتی ہے۔

یوکرین میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر شہری قریبی ممالک میں پناہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ شہری پولینڈ، مالدوفا اور دیگر ہمسایہ ممالک کو بھاگ گئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہونے پر یہ تعداد چار لاکھ تک بھی بڑھ سکتی ہے۔ جبکہ حکومت نے 39گھنٹوں سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے تاکہ شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے دیا جائے۔