لاہور:چینی اسمارٹ فون برانڈ رئیل می نے لاہور میں قائم اپنے یونٹ میں موبائل فونز کی تیاری شروع کردی ہے۔
گوادر پرو کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے رئیل میموبائلز کو لاہور میں اپنے یونٹ میں مقامی طور پر موبائل کی پیداوار شروع کرنے پر مبارکباد د یتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف روزگار پیدا ہوا بلکہ اس سے ان کے مقامی طور پر بنائے گئے اسمارٹ فونز کی قیمت میں بھی کمی آئی ہے۔
گوادر پرو کے مطابق عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ نئی ڈویلپمنٹ صنعت کاری اور درآمدی متبادل کو فروغ دینے کی وزارت تجارت کی ''میڈ ان پاکستان'' پالیسی سے ہم آہنگ ہے۔
چینی موبائل فون مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے پاکستان کا درآمدی موبائل فون پر انحصار کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
2021 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی مینوفیکچرنگ پلانٹس کے ذریعے موبائل فون کی پیداوار نے موبائل فون کی درآمدات کو پیچھے چھوڑ دیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اعدادوشمار کے مطابق 2021 کے دوران پاکستان نے مقامی طور پر 24.66 ملین فون تیار کیے اور 10.26 ملین فون درآمد کیے ہیں۔
2020 میں مقامی طور پر تیار کردہ فونز کی تعداد 13.05 ملین تھی جب کہ ملک نے 24.51 ملین فون درآمد کیے تھے۔