یوکرین کی یورپی یونین میں شمولیت کی درخواست منظور، پیوٹن نے جنگ بندی کیلئے شرائط پیش کردیں 

لندن:یوکرینی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی یونین میں شمولیت کی یوکرینی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔گزشتہ روز یوکرین نے یورپی یونین میں شمولیت کی باضابطہ درخواست پر دستخط کیے تھے۔

 یوکرینی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے شمولیت کی یوکرینی درخواست منظور کرلی ہے اورشمولیت کیلئے خصوصی طریقہ کار کی اجازت دے دی ہے۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے یورپی پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ورچوئل خطاب کیا۔

اس دوران یورپی پارلیمنٹ کے تمام ارکان نے روس کے خلاف ڈٹ جانے پر کھڑے ہو کر زیلینسکی کیلئے تالیاں بجائیں۔

ادھر پیوٹن نے جنگ بندی کیلئے شرائط پیش کردی ہیں۔

 فرانسیسی صدر سے گفتگو میں کہاکہ یوکرین کی ڈی ملٹرائزیشن اور کریمیا پر روس کی حاکمیت قبول کرنے پر روس یوکرین پر حملہ روک دے گا۔

 روس نے برطانیہ اور جرمنی سمیت 36 ممالک پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگادی ہے۔

 اس سے پہلے یورپ نے روس پر فضائی پابندی لگائی تھی برطانیہ نے روسی بینکوں کے اثاثے منجمد کردیئے ہیں۔جاپان نے بھی نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔

 ادھر نیٹو اور پولینڈ نے یوکرین میں براہ راست جنگی طیارے بھیجنے سے انکارکردیا ہے تاہم نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے کہاہے کہ یوکرین کے پائلٹس پولینڈ آکر نیٹو کے طیارے استعمال کرسکتے ہیں۔