ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزپ بوریل سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں روس یوکرین لڑائی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے نمائندے کو پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلے کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان سمجھتا ہے کہ یوکرین کی جنگ بڑھی تو عالمی معیشت پر بھی انتہائی منفی اثر پڑے گا، پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، مستقل حل ایک سفارتی حل ہے جس کیلئے پاکستان بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سفارتی حل کی اہمیت پر زور دیتے رہے ہیں۔