کابل: افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر داخلہ اور امریکی کو نہایت مطلوب سراج الدین حقانی کے ٹھکانہ تو دور کوئی واضح تصویر تک کسی ملک کی خفیہ ایجنسی کو نہیں مل سکی تھی تاہم اب پہلی بار طالبان رہنما براہ راست نشریات میں سامنے آگئے۔
طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سراج الدین حقانی کو وزیر داخلہ بنایا گیا تھا جو افغان جنگ کے دوران امریکا کو نہایت مطلوب شخصیت تھے لیکن کسی بھی ملک کی خفیہ ایجنسی ان کا سراغ لگانے میں ناکام رہی تھی۔
اس کی بنیادی وجہ سراج الدین حقانی کی کوئی تصویر نہ ہونا تھی۔ اُن کی ایک ہی تصویر دستیاب تھی جس میں ان کا چہرہ آدھے سے زیادہ چادر سے ڈھکا ہوا تھا۔ افغانستان میں طالبان کی فتح بھی سراج الدین حقانی کی جنگی مہارت کا نتیجہ تھی۔
وزیر داخلہ بننے کے بعد سراج الدین حقانی کافی متحریک رہے ہیں اور درجنوں سرکاری تقریبات میں بھی شرکت کی ہے تاہم ان کے آتے ہی کیمرے بند کرادیئے جاتے تھے اور کسی کو موبائل سے بھی تصویر لینے کی اجازت نہیں تھی۔
تاہم پہلی بار کابل میں ہونے والی نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کے موقع پر میڈیا کو سراج الدین حقانی کی کوریج نہیں روکا گیا اور ان کا خطاب براہ راست نشریات میں دکھایا بھی گیا۔
اپنے خطاب میں سراج الدین حقانی کا کہنا تھا کہ دہائیوں پر مشتمل ہماری جدوجہد اور واحد آرزو کا مقصد اسلامی نظام کا قیام رہا ہے۔