کیف: یوکرین پر 11 ویں روز بھی روسی حملے جاری رہے، یوکرین نے روس کے 11 ہزار فوجی مارنے کا دعویٰ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر بمباری اور شیلنگ گیارہویں روز بھی جاری رہی، روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کا ایک اور ملٹری بیس غیر فعال کر دیا ہے، اور کئی بڑے شہروں پر قبضہ کر لیا۔
دوسری طرف یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے اتوار کو بتایا کہ 24 فروری کو ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد سے 11,000 سے زیادہ روسی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایک دن قبل یوکرین نے روسی ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے زیادہ بتائی تھی، تاہم یوکرین نے اپنی ہلاکتوں کی تفصیلات سے متعلق کچھ نہیں کہا۔
یوکرینی ملٹری کمانڈ نے مزید کہا کہ روسی افواج کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کے 2000 یونٹوں کا نقصان ہوا ہے، جن میں 285 ٹینک، 44 طیارے اور 48 ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔
ادھر اسرائیلی وزیر اعظم نے ثالثی کے لیے صدر پیوٹن سے ملاقات کی ہے، انھوں نے صدر زیلنسکی سے بھی فون پر گفتگو کی، انھوں نے کہا امریکا، فرانس، جرمنی کے ساتھ بحران کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔