پی آئی اے طیارہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لینے پولینڈ روانہ

لاہور: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا بوئنگ 777 طیارہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو لینے کے لیے پولینڈ روانہ ہوگیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 7787 لاہور سے صبح 7 بجکر 23 منٹ پر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے لیے روانہ ہوا، جو وارسا کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے لینڈ کرے گا۔

لاہور سے روانہ ہونے والا طیارہ واپسی پر 300 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گا۔

ترجمان عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ طیارہ وزارت خارجہ کی ایما پر روانہ کیا گیا ہے اور حکومت پاکستان کی ہدایات پر مزید پروازیں بھی چلائی جائیں گی تاکہ یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کو باحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد بیشتر پاکستانی طلباء اور شہری یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔