کراچی: قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ساؤتھ افریقہ کی پارلیمنٹ میں الجمہ پارٹی(Al Jama-ah Party) نے قراردادپیش کردی۔
عافیہ موومنٹ پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ ساؤتھ افریقہ سے موصول ہونے والی اطلاعات اور ویڈیو کے مطابق الجمہ پارٹی کے سربراہ اور ساؤتھ افریقن پارلیمنٹ کے رکن مسٹر گنیف ہینڈرکس نے(Mr Ganief Handricks) عالمی یوم خواتین کے موقع پر قرارداد پیش کی۔
ساؤتھ افریقن پارلیمنٹ میں پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ہاؤس ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے قرارداد پیش کرتا ہے جو کہ ایف ایم سی کارزویل جیل ٹیکساس میں قید ہیں اور جنہیں کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے اغواء کر لیا گیا تھا۔یہ ہاؤس عالمی یوم خواتین پر مطالبہ کرتا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کیا جائے۔
عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ساؤتھ افریقن پارلیمنٹ میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے پیش کردہ قرار داد کا خیرمقدم کرتے ہوئے الجمہ پارٹی اور ساؤتھ افریقن ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر عافیہ کی قید ناحق کو اسی ماہ19 سال مکمل ہونے والے ہیں۔
عافیہ تعلیم کے ذریعے جس ملک تبدیلی کیلئے کام کررہی تھی وہاں کی پارلیمنٹ کے ارکان اقتدار کے حصول کی شرمناک جنگ لڑرہے ہیں جبکہ ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی بنیاد پر انسانیت اور انصاف کے علمبردار دنیا کے کئی ممالک میں اس کی رہائی کیلئے مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی پاکستانی شہریوں کی حفاظت اور عزت و وقار کے فرض سے غافل ہو کر اقتدار کے حصول کی جنگ لڑنے میں مصروف ہے اس لئے اب عوام کو کھوٹے اور کھرے کی پہچان کرنی ہوگی اور اپنے حق کیلئے اٹھنا ہوگا۔