چیچن صدر کا عمران خان کے نام خط،عالمی فورمز میں اسلام بارے موقف پر اظہار تشکر

چیچن صدر رمضان قادروف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز میں اسلام کے بارے میں وزیر اعظم کے موقف پر اظہار تشکر کیا گیا ہے۔

روسی فیڈریشن کی مسلم اکثریتی ریاست جمہوریہ چیچنیا کے صدر رمضان قادروف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نام اپنے خط میں ان کے دورہ روس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روس میں ان کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

چیچن صدر نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کو ’میرے بھائی وزیراعظم عمران خان‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میں ہمارے درمیان ملاقات کے لیے وقت نکالنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں اس بات پر بھی آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے روس کی جانب دوستانہ تعاون کا ہاتھ بڑھایا ہے۔‘

وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کو جاری کیے جانے والے اس خط میں رمضان قادروف نے مزید لکھا کہ ’روس میں آباد 30 لاکھ مسلمان آپ کو بہت عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔‘

چیچن صدر نے اپنے خط میں وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی تقریر پر ان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ سے ملنے کا منتظر ہوں تاکہ عالمی پلیٹ فارمز اور اقوام متحدہ میں اسلام کے بارے میں آپ کے موقف پر آپ کا شکریہ ادا کر سکوں۔

‘خط میں چیچن صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم روس میں آپ کی ہر قسم کی خدمت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ دین کے مقصد، دفاع، جدوجہد اور ترویج کے قابل بن سکیں۔‘

 اپنے خط کے آخر میں چیچن صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم آپ کے اگلے دورہ روس کے منتظر ہیں۔‘