قابض بھارتی فوج نے مزید 4کشمیری نوجوان شہید کردیئے

سرینگر:بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جمو ں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران پلوامہ،گاندر بل اور کپواڑہ اضلاع میں مزید چار کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔

سرحد پار سے آمدہ اطلاعات  کے مطابق فوجیوں نے دو نوجوان کو ضلع پلوامہ کے علاقے چیو ہ کلاں، ایک نوجوان کو ضلع گاندر بل کے علاقے نونار جبکہ ایک اور کو ضلع کپواڑہ کے علاقے راجورمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا۔

آخری اطلاعات تک ان علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری تھیں۔ان شہادتوں کے نتیجے میں گزشتہ تین روز کے دوران مقبوضہ علاقے میں شہید ہونیو الے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی۔بھارتی فوجیوں نے جمعرات کو دو نوجوانوں کو شوپیاں جبکہ ایک کو سرینگر میں شہید کیا تھا۔

بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے اہلکاروں نے بھارتی فوجیوں کے ہمراہ ضلع اسلام آباد کے علاقے ککر ناگ میں ایک مدرسے پر چھاپہ مار کر طالبات کو تشدد کا نشانہ بنایا اور مدرسے کو سیل کر دیا۔