لیووف: یوکرینی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے شہر لیووف کے قریب ایک ملٹری بَیس پر روسی فوج نے بمباری کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین کے حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو نے مغربی یوکرین میں ایک فوجی اڈے پر مہلک فضائی حملہ کیا ہے جس میں 35 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ بمباری سے 134 شہری زخمی ہو گئے ہیں۔
یوکرینی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ لیووف میں ملٹری بَیس پر غیر ملکی فوجی بھی موجود تھے، یہ ملٹری بَیس پولینڈ کی سرحد کے قریب واقع ہے، روس کی جانب سے جس پر 30 راکٹ برسائے گئے۔
یوکرین کا کہنا ہے کہ روسی زمینی افواج کیف کے مرکز سے تقریباً 25 کلومیٹر (16 میل) کے فاصلے پر ہیں جس کی وجہ سے لوگ یہاں سے افرا تفری میں بھاگ رہے ہیں۔
ماریوپول کے میئر نے ایک بیان میں کہا کہ 12 دنوں سے جاری روسی بمباری میں محصور ساحلی شہر میں 1500 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور گولہ باری بدستور جاری ہے۔
دوسری طرف امریکا نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کو اضافی چھوٹے ہتھیاروں، ٹینک شکن اور طیارہ شکن ہتھیاروں کی فراہمی کو 200 ملین ڈالر تک پہنچائے گا۔ تاہم روس نے واضح کر دیا ہے کہ اس کے فوجی یوکرین میں مغربی ہتھیاروں کی سپلائی کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔