مودی کی جیت میں فیس بُک کا ہاتھ تھا، الجزیرہ کی رپورٹ

نئی دہلی: سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے بھارت میں ہونے والے حالیہ ریاستی انتخابات میں بھی مودی کی جماعت بی جے پی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپو رٹ کے مطابق مقامی کمپنی ’’دی رپورٹر کلیکٹو‘‘ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ریاستی الیکشن میں فیس  بک نے  تمام جماعتوں کی نسبت مودی کی جماعت بی جے پی کو سب سے سستے اشتہارات دیئے۔

دی رپورٹر کلیکٹو اور ایڈ واچ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ گزشتہ 22 ماہ کے دوران بھارت میں ہونے والے 10 انتخابات کے دوران فیس بک پر اشتہارات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا جس میں 10 میں سے 9 الیکشن کے دوران بی جے پی کو سب سے کم ریٹ پر اشتہارات دینے کا انکشاف ہوا۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک نے بی جے پی کے امیدواروں کے اشتہارات دس لاکھ بار دکھانے کے 41 ہزار 844 روپے چارج کیے جب کہ کانگریس اور دیگر حزب مخالف کی جماعتوں سے کئی گنا زیادہ قیمت لی۔

آج اسمبلی میں بھی اپوزیشن لیڈر سونیا گاندھی نے اپنی تقریر میں فیس بک کے اس دہرے معیار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کو سیاست رہنے دیا جائے اور حکومت دیگر ہتھیکنڈوں کے بجائے پرفارمنس سے الیکشن جیتیں۔