افغانستان، لڑکیوں کے ہائی سکول پھر بند کرنیکا حکم

کابل: طالبان حکومت نے لڑکیوں کے ہائی سکول کھولنے کے 24 گھنٹے بعد ہی بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے اپنی حکومت کے قیام کے 7 ماہ بعد لڑکیوں کے ہائی سکولز کھولنے کی اجازت دی تھی تاہم چند ہی گھنٹوں بعد دوبارہ بند کروا دیئے گئے۔

طالبان حکومت کی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ساتویں جماعت سے دسویں جماعت تک کے سکول درسی نظام اسلامی قوانین اور افغان کلچر کے قالب میں ڈھالنے تک بند رہیں گے۔

سیکنڈری سکول کی طالبات کو پہلے ہی دن کلاس لینے کے بعد سکول کے دوبارہ بند کرنے کی خبر ملی تو لڑکیاں زار وقطار رونے لگیں۔

طالبان کی جانب سے پرائمری اسکول کھولنے کی اجازت پہلے ہی دی جاچکی ہے تاہم اب بھی ملک بھر میں ہزاروں سکول بند ہیں جب کہ جامعات کو سخت پابندیوں کے ساتھ گزشتہ ماہ ہی کھولا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی قوتوں نے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کو لڑکیوں کے سکولز کھولنے، خواتین کی ملازمتوں میں واپسی اور کابینہ میں تمام طبقات کی شمولیت سے مشروط کیا تھا۔