کابل:افغان اور پاکستانی سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے ایک سینئر رہنما کو جنوبی افغانستان میں ایک حملے میں قتل کردیا گیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کالعدم لشکر جھنگوی کے ایک دھڑے کے رہنما عبدالحاکم سندھی پر قندھار میں حملہ کیا گیا۔
کالعدم ٹی ٹی پی نے واقعے پر ابھی تک باضابطہ بیان جاری نہیں کیا تاہم ٹی ٹی پی کے ایک ذریعے نے یہ بتایا کہ عبدالحاکم سندھی کو ایک دکان میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتول رہنما قندھار میں ایک حکیم کی دکان چلا رہے تھے کہ دو افراد مریض کے روپ میں دکان پر آئے اور فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
دوسری جانب ٹی ٹی پی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن اب تک کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
مقتول کا تعلق لشکر جھنگوی کے عثمان سیف اللہ گروپ اور سندھ کے ضلع شکار پور سے تھا۔