لندن: برطانوی ہائی کورٹ نے شیخ محمد بن راشد المختوم کے بچوں کو اُن کی سابق اہلیہ کے حوالے کردیا۔
قطر کے سرکاری خبررساں ادارے الجزیرہ کے مطابق لندن ہائی کورٹ میں اپنے بچوں کی سرپرستی کیلئے لڑرہے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم کیس ہار گئے ہیں۔
انگلینڈ اور ویلز میں فیملی ڈویژن کے صدر اینڈریو میک فارلین نے شیخ محمد کے خلاف اپنے حتمی فیصلے میں ان کے بچوں کو اُن کی سابق اہلیہ حیا جو کہ اردن کے شاہ عبداللہ کی سوتیلی بہن بھی ہیں، کے حوالے کردینے کا فیصلہ سنایا ہے۔
جج نے کہا کہ حیا کو ہی دو بچوں، 14 سالہ جلیلہ اور 10 سالہ زید کی تعلیم اور صحت سے متعلق تمام معاملات طے کرنے چاہئیں تاہم شیخ محمد کو ان معاملات سے باخبر رکھا جائے۔
عدالت نے اس سے قبل کہا تھا کہ شیخ محمد سے حیا کی جان کو خطرہ پیدا ہوا، شیخ محمد نے دوسری شادی کرکے سابق اہلیہ سے ہوئی دو بیٹیوں کو اغوا کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی جبکہ حیا اور ان کے وکلا کے فونز اسرائیلی سیکیورٹی سافٹ ویئر ’پیگاسس‘کے ذریعے ہیک کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ شیخ محمد کو بچوں کی طویل مدتی دیکھ بھال کے ثبوت کے طور پر 554 ملین پاؤنڈز (730 ملین ڈالرز) کا ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا۔
اینڈریو میک فارلین کا کہنا تھا کہ شیخ محمد اپنی مرضی کیخلاف جانے والے افراد چاہے وہ اہلخانہ ہی کیوں نہ ہوں، ان کے ساتھ جبر اور اُن پر کنٹرول رکھنے والے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔