امریکا نے لڑکیوں کے سکول دوبارہ بند کرنے کا حکم دینے پر طالبان سے مذاکرات منسوخ کردیے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام اور افغان طالبان کے درمیان دوحہ میں معاشی امور پر مذاکرات طے تھے تاہم امریکی حکام نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے سکول کھولنے کے بعد دوبارہ بند کرنے کے اعلان پر مذاکرات منسوخ کردیے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ طالبان کا فیصلہ انتہائی مایوس کن، افغان عوام اور بین الاقوامی برادری کے سامنے کیے گئے عزم سے یوٹرن ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان کے فیصلے کے بعد امریکا نے دوحہ مذاکرات سمیت کچھ ملاقاتوں کو منسوخ کردیا ہے اور ہمارا مؤقف واضح رہےکہ طالبان کا یہ فیصلہ ان کے ساتھ ہمارے اہم معاملات پر یوٹرن ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق طالبان اور امریکی حکام کے درمیان قطر سمٹ کے دوران کچھ امور پر مذاکرات ہونے تھے جنہیں اب منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ ان مذاکرات میں عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کو بھی شرکت کرنا تھی۔
طالبان اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات میں افغان سینٹرل بینک اور کرنسی کے حوالے سے امور پر بات کی جانی تھی۔
غیرملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ طالبان اور امریکی حکام کے درمیان مذاکرات کی منسوخی اس بات کی نشاندہی کرتی ہےکہ انسانی حقوق سے متعلق طالبان کے اقدامات بین الاقوامی برادری کی جانب سے ان کی مدد پر براہ راست اثر انداز ہوں گے۔