ول اسمتھ نے کرس راک کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی

آسکر ایوارڈ کی تقریب میں امریکی اداکار ول اسمتھ نے کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر معافی مانگ لی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسکر ایوارڈز کی تقریب میں کنگ رچرڈ میں بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ول اسمتھ نے معافی مانگی۔

ول اسمتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اکیڈمی سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، میں نامزد ساتھی امیدواروں سے بھی معافی مانگنا چاہتا ہوں، یہ ایک خوبصورت لمحہ ہے اور میں ایوارڈ جیتنے کی خوشی میں نہیں رو رہا، محبت آپ سے دیوانہ وار کام کرواتی ہے اور مجھے اپنے فن سے بے پناہ محبت ہے‘۔

یاد رہے کہ آسکر کی تقریب کےدوران اداکار کرس راک ایوارڈ دینےاسٹیج پرآئے تھے جس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پرمذاق اڑایا تھا۔

کرس کے مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کو منہ پر زور دارتھپڑ مار کر چلتے بنے جب کہ تھپڑ کھا کر کرس راک مسلسل جگت بازی میں لگے رہے لیکن اسمتھ اپنی نشست پر بیٹھ کر انہیں برا بھلا کہتے رہے۔

ول اسمتھ کے واقعے کے بعد اس کی تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہو گئیں تھیں، بہت سی اعلیٰ فلمی شخصیات نے ول اسمتھ کے اقدام کی مذمت کی تھی اور کچھ شخصیات نے ان کی حمایت میں بیان دیا تھا۔