اوتاوا: کینیڈا میں ایک گھر میں لگنے والی آگ میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں مسلم میاں بیوی اور ان کے 3 بچے شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں ایک گھر میں ہونے والی آتشزدگی میں 31 سالہ نذرعلی اپنی اہلیہ اور تین بچوں سمیت جل کر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 سالہ عالیہ، 8 سالہ جیڈان اور 11 سالہ لیلیٰ شامل ہیں۔ گھر میں آگ رات کو لگی جب اہل خانہ سو رہے تھے جب کہ گھر کے اسموک الارم خراب تھے۔
جس وقت فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو آگ کے بلند شعلوں نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا۔ اہلکاروں نے دو مردہ اور تین شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال پہنچ کر زخمیوں نے بھی دم توڑ دیا۔ ایک بزرگ خاتون کو زخمی حالت میں گھر کے باہر پایا گیا تھا جن کا علاج جاری ہے۔