بالی وڈ کی مایہ نازجوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ جوڑا اگلے ماہ اپریل میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائے گا، تاہم اب اس حوالے سے رنبیر کا بیان سامنے آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں عالیہ اور ان کی شادی جلد ہونے کا اعتراف کیا لیکن انہوں نے اپنی شادی کی تاریخ بتانے سے انکار کردیا۔
رنبیر نے کہا کہ مداحوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے، عالیہ اور میرا جلد شادی کرنے کا ارادہ ہے ، ہاں تو ہم جلد شادی کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ دنوں رنبیر کپور کی پھپھو ریما جیئن نے رنبیر اور عالیہ کی اپریل میں شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ' جہاں تک میری معلومات ہیں ایسا کچھ نہیں ہے، ہم لوگوں نے کوئی تیاری نہیں کی تو شادی اتنی جلدی کیسے ہوسکتی ہے؟'
رنبیر کپور کی پھپھوکا کہنا تھا کہ اگراپریل میں شادی کی بات درست ہے؟ تو یہ بات میرے لیے باعث حیرت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات تو طے ہے کہ شادی ہوگی لیکن کب ہوگی یہ علم نہیں ہے۔
خیال رہے اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور گزشتہ چند سالوں سے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں اور جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھنے والے ہیں تاہم میڈیا کے پوچھنے پر ہر بار عالیہ شادی کی تاریخ والے سوال کو نظرانداز کردیتی ہیں۔