شاہ رخ نے زندگی میں پہلی دعا کب مانگی

بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے معروف میزبان سیمی گریوال کو ماضی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنی والدہ کے انتقال کی کہانی سنائی تھی۔ شاہ رخ خان متعدد بار اپنے انٹرویوز میں اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ وہ کبھی کبھار بہت زیادہ دکھی ہوجاتے ہیں کہ آج وہ جس مقام پر موجود ہیں، ان کی والدہ کو یہ دیکھنا چاہیے تھا۔

ماضی میں مشکل مالی حالات کا سامنا کرنے والے شاہ رخ نے اپنے انٹرویو میں بتایا کہ 1990 میں جب ماں کا انتقال ہوا تو اس وقت میں گوا میں شوٹنگ میں مصروف تھا، مجھے ان کی طبیعت خرابی کی اطلاع ملی تو میں فوراً ممبئی پہنچا۔

اداکار نے بتایا کہ والدہ کو کینسر کے ساتھ ذیا بیطس تھی، ان کے پاؤں بہت زیادہ سوجھ گئے تھے اور ان کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی، ماں اس وقت آئی سی یو میں داخل تھیں لیکن مجھے یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہ ہمیں چھوڑ جائیں گی۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ دس سال قبل میرے والد کے ساتھ بھی یہ ہی ہوا تھا، میں نے اسپتال میں انہیں اپنی نظروں کے سامنے کھو دیا تھا۔

کنگ خان نے انکشاف کیا کہ میں نے زندگی میں کبھی دعا نہیں کی تھی، اس وقت جب ماں آئی سی یو میں تھیں تو ان کی حالت بگڑنا شروع ہوگئی، انہیں سانس لینے میں مسئلہ ہورہا تھا، میں بھاگ کر پارکنگ میں آیا اور گھٹنوں کے بل بیٹھ کر دعا مانگنا شروع کردی کہ انہیں درد نہ ہو۔

میں واپس آئی سی یو میں آیا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ جارہی ہیں، میں نے انہیں دیکھا تو وہ میری آنکھوں میں دیکھ رہی تھیں، پھر آہستہ آہستہ ان کے جسم سے جان نکل گئی۔