شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی بھی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے خلاف بول پڑیں۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وزیراعظم عمران خان کی تصویر شیئر کی۔
مایا علی نے وزیراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’سیاست میں صرف ایک ہی آدمی ہے جو واقعی پاکستان کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتا ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ چیزوں کو دوبارہ بنانے اور ٹھیک کرنے میں وقت لگتا ہے، پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے۔
آخر میں مایا علی نے لکھا کہ ہمارے ووٹوں کی بہت اہمیت ہے اور وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب اداکار ہارون شاہد نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوام کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اہم بات یہ ہے کہ آج آپ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں یا نہیں‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’وزیرِ اعظم کو ہم میں سے ہر ایک کی ضرورت ہے، ہارون شاہد نے لکھا کہ یہی وقت ہے، خود کو کمزور نہ پڑنے دیں۔