تھپڑ تنازعہ، ول اسمتھ نے آسکر کی رکنیت چھوڑ دی

معروف امریکی اداکار ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈز 2022 کے دوران میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد اپنے خلاف تنقید کے سبب آسکر کی رکنیت چھوڑ دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے طابق اداکار ول اسمتھ نے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

ول اسمتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں آسکر انتظامیہ کی جانب سے اپنے خلاف کی جانے والی ہر طرح کی کارروائی کے لیے تیار ہوں۔

خیال رہے کہ ول اسمتھ نے آسکر ایوارڈز کی براہ راست تقریب کے دوران میزبان کرس راک کو اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کا مذاق اُڑانے پر تھپڑ مارا جسے ہر کسی نے دیکھا۔

تقریب کے میزبان کامیڈین کرس راک نے ایک موقع پر بہترین اداکار نامزد ہونے والے ول اسمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کے لیے نہایت حساس مذاق کر ڈالا۔

انہوں نے جیڈا کے بالوں کو نشانہ بناتے ہوئے ایک فلم جی آئی جین کا حوالہ دیا اور کہا کہ وہ اس کے سیکوئل میں جلد انہیں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

ول اسمتھ کی اہلیہ جیڈا جو خود بھی اداکارہ ہیں، گنج پن کی بیماری ایلوپیشیا کا شکار ہیں جس کی تشخیص کا انہوں نے سنہ 2018 میں عوام کے سامنے انکشاف کیا تھا۔

کرس کے اس بھونڈے مذاق پر لمحے بھر کو ڈولبی تھیٹرز میں خاموشی چھا گئی۔ جیڈا اور ول اسمتھ بھی اس پر خفا دکھائی دیے۔

اگلے ہی لمحے ول اسمتھ اپنی جگہ سے اٹھے، اسٹیج پر گئے اور میزبان کو زوردار تھپڑ دے مارا۔