اداکارہ ملائکہ اروڑا حادثے میں زخمی

کار حادثے میں گزشتہ روز زخمی ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا کو آج اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے ملائکہ کو کسی قسم کی بڑی انجری کا سامنا نہیں تھا۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملائکہ اروڑا کی بہن اداکارہ امریتا اروڑا نے بتایا کہ اُن کا سی ٹی اسکین کیا گیا ہے جس کی رپورٹ بالکل ٹھیک آئی ہے۔

اداکارہ نے بہن کی صحت سے متعلق مزید بتایا کہ ان کی طبیعت بہتر ہورہی ہے، وہ کچھ وقت کے لیے اسپتال میں ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی رہیں گی اور پھر اُنہیں آج ہی ڈسچارج کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی گاڑی کو حادثہ کھوپولی ایکسپریس وے پر پیش آیا جہاں تین گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں۔

مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔