شنگھائی: چین کے تجارتی شہر شنگھائی میں کورونا کی صورت حال بگڑ گئی جس کے باعث پورے شہر کا کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے کئی شہروں میں کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم تجارتی شہر شنگھائی میں کورونا نے پنجے گاڑھ لیے ہیں۔
شنگھائی میں 2 کروڑ 60 لاکھ شہریوں کو اینٹی جن کٹ کے ذریعے آج ہی ازخود کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے۔
علاوہ ازیں انتظامیہ نے ازخود کورونا ٹیسٹ مرحلے کے بعد شنگھائی بھر میں نیو کلک ایسڈ ٹیسٹ آنے والے کل (پیر) کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے شنگھائی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
شنگھائی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 7 ہزار 788 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے 6 ہزار 501 میں کورونا کی کوئی علامت نہیں تھی جب کہ بقیہ میں علامتیں بھی پائی گئی تھیں۔
چند روز قبل ہی چین کے ٹیکنالوجی کے حب کہلائے جانے والے شہر شینزو میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جب کہ ایک اور شہر جیلن میں سخت پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ چین ہی وہ ملک جہاں سب سے پہلے کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور چین نے ہی سب سے پہلے کورونا پر قابو پالیا تھا۔