دو سال بعد مکہ اور مدینہ میں رمضان کی روایتی رونقیں بحال

ریاض؛عالمی وبائی مرض کورونا کے باعث سعودی عرب میں دو سال سے معطل رمضان کی روایتی رونقیں بحال ہو گئیں۔

کورونا پابندیوں کے بغیر سحری، افطار اور تراویح کی معمول کی رونقیں بحال ہونے پر شہریوں اور رہائشیوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق کورونا پابندیوں کے خاتمے کے فیصلے کا اعلان 22 مارچ کو دو مقدس مساجد کے امور کے جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں حرمین میں اعتکاف کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

 اس کا اطلاق مخصوص معیار کے مطابق کیا جائے گا،ان پابندیوں کے خاتمے کے بعد جہاں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں افطار کے روح پرور اور دلکش مناظر نظر آئیں گے وہیں مساجد میں خشوع و خضوع کے ساتھ تراویح کی باجماعت نمازیں بھی ادا کی جائیں گی۔

جبکہ رمضان المبارک کا اہم حصہ اعتکاف بھی رمضان کے آخری 10 دنوں میں ہوتا ہے جب نمازی تنہائی میں جاتے ہیں اور اپنا وقت نماز اور قرآن پڑھنے کے لیے وقف کرتے ہیں۔

یہ رمضان المبارک کے 20 ویں دن کے غروب آفتاب سے شروع ہوتا ہے اور عید کا چاند نظر آنے پر ختم ہوتا ہے۔

 اعتکاف میں نمازی مسجدوں میں رہتے اور سوتے ہیں اور صرف وضو کے لیے نکلتے ہیں۔