بالی وڈ کی مایہ ناز جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے رواں ماہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور ان کے بوائے فرینڈ رنبیر کپور کی شادی کی تاریخ کی تصدیق ہو گئی ہے اور یہ جوڑا رواں ماہ شادی کے بندھن میں بندھنے والا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق عالیہ اور رنبیر کی شادی اپریل کے وسط میں ممبئی میں ہو گی جبکہ شادی کی تقریب نجی ہوگی اور اس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔
اس سے قبل یہ خبریں تھیں کہ دونوں کی شادی راجستھان کے شہر ادے پور میں ہوگی۔
واضح رہے کہ رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں عالیہ اور ان کی شادی جلد ہونے کا اعتراف کیا تھا لیکن انہوں نے اپنی شادی کی تاریخ نہیں بتائی تھی۔
رنبیر نے کہا تھا کہ مداحوں کیلئے ایک اچھی خبر ہے، عالیہ اور میرا جلد شادی کرنے کا ارادہ ہے ، ہاں تو ہم جلد شادی کریں گے۔
واضح رہے کہ دونوں اداکاروں کی جانب سے تاحال شادی کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہے اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور گزشتہ چند سالوں سے ایک دوسرے کے انتہائی قریب ہیں اور جلد شادی کے بندھن میں بھی بندھنے والے ہیں تاہم میڈیا کے پوچھنے پر ہر بار عالیہ شادی کی تاریخ والے سوال کو نظرانداز کردیتی ہیں۔