روحیل حیات نے عامر لیاقت کے پی ٹی آئی چھوڑنے کو حکومت کی کامیابی قراردیدیا

پاکستان کے معروف موسیقار روحیل حیات نے سابق پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت کے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے کو حکومت کی کامیابی قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کردیا گیا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامرلیاقت نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عامر لیاقت حسین نے کہا کہ ڈراما ختم ہونے کے بعد کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے جو کچھ کیا، ثابت ہوگیاکہ اپوزیشن جو کچھ کررہی تھی درست کررہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں،آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی۔

تاہم اب موسیقار روحیل حیات نے اس پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں روحیل حیات نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کا پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہنا حکومت کی اصل کامیابی ہے، گویا انہیں ابھی تک اس پارٹی میں خوش آمدید کہا جارہا تھا۔

انہوں نے صورتحال پر طنزیہ کہا کہ کیا کامیڈی شو چل رہا ہے۔

روحیل حیات میوزک انڈسٹری کا ایک بڑا نام:

واضح رہے کہ روحیل حیات پاکستان میوزک انڈسٹری کا ایک بہت بڑا نام ہے جنہوں نے پاکستان میوزک انڈسٹری میں نئے رجحانات ، پاپ میوزک ، میوزک فیوژن اور پاکستان کے معروف میوزک پروگرام کوک اسٹوڈیو کے ذریعے پوری دنیا کے لوگوں میں مقبولیت حاصل کی۔

روحیل حیات نے سال 2008 میں کوک اسٹوڈیو متعارف کیا تھا، بعدازاں  6 سیزنز کے بعد انہوں نے 2013 میں کوک اسٹوڈیو سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

 روحیل حیات کی 2019 میں کوک اسٹوڈیو کے 12ویں سیزن میں واپسی ہوئی اور پھر سیزن 2020 بھی انہوں نے پروڈیوس کیا۔

 اس سے قبل روحیل حیات پاکستان کے مشہور بینڈ وائٹل سائنز کے بانی اراکین میں شامل تھے۔