پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دیر موٹروے منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کا پی سی ون جلد پراسس کیا جائے۔
محمود خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سوات موٹروے فیز ٹو اور دیر موٹروے سمیت شاہراہوں کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اگلے ہفتے سوات موٹروے فیز ٹو کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سوات موٹروے فیز ٹو کا سنگ بنیاد رکھنے اور منصوبے پر عملی کام کا آغاز کرنے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 80 کلو میٹر طویل یہ موٹروے چکدرہ تا فتح پور تعمیر کی جائے گی، منصوبے پر 58 ارب روپے کی تخمینہ لاگت آئے گی، منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تعمیراتی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کے لئے زمین کی خریداری کے سلسلے میں ساڑھے پانچ ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو دیر موٹروے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھنے کے لیے پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ دیر موٹروے منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کا پی سی ون جلد پراسس کیا جائے۔