عدم اعتماد معاملہ؛روس بھی عمران خان کی حمایت میں آگیا،امریکہ پر کڑی تنقید

ماسکو: روس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کو دورۂ روس کی سزا دی جارہی ہے۔

روسی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانی حکومت گرانے کیلئے امریکی دبائو کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ ماریا زخارووا نے کہا کہ امریکا پاکستان کے معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان روسی وزارتِ خارجہ ماریہ زخارووا نے دھمکی آمیز خط پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ دورۂ روس منسوخ کردیں جبکہ پاکستان نے امریکی دباؤ مسترد کردیا۔
ترجمان روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ امریکا نے دورہ منسوخ نہ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔ اچانک ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ ڈونلڈ لو نے یوکرین معاملے پر پاکستان کے متوازن ردِ عمل کو قابلِ مذمت قرار دیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان متعدد مرتبہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ان کے خلاف عدم اعتماد کی سازش بیرونِ ملک بیٹھ کر تیار کی گئی
۔ وزیر اعظم نے روسی صدر کی دعوت پر 2 ماہ قبل ماسکو کا دورہ کیا تھا۔
یوکرین کشیدگی کے تناظر میں عالمی برادری نے پاکستان پر دباؤ ڈالا کہ وہ روسی حملے کی کھل کر مذمت کرے تاہم عمران خان حکومت نے متوازن ردِ عمل کی پالیسی اپنائی۔