ممبئی: بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن اس وقت ناراض ہوگئے جب ایک صحافی نے ان کی آنے والی فلم ’’دسوی‘‘ کو ناکام کہہ دیا۔ ابھیشیک بچن اداکارہ یامی گوتم اور نمرت کور کے ہمراہ اپنی آنے والی فلم ’’دسوی‘‘ کی خوب زورو شور سے تشہیر کرنے میں مصروف ہیں۔ اور اسی سلسلے میں یہ تینوں اداکار مختلف ایوینٹس میں شرکت کررہے ہیں۔
پیر کے روز ممبئی میں فلم کی اسپیشل اسکریننگ منعقد کی گئی جس میں تینوں اداکاروں نے شرکت کی۔ فلم کی اسکریننگ کے بعد جب تمام اداکار واپس جانے لگے تو صحافیوں نے ابھیشیک بچن کو گھیر لیا اور ان سے تصویر کے لیے پوز دینے کی فرمائش کرنے لگے۔
تاہم ابھیشیک بچن صحافیوں کی فرمائش کو اَن سنا کرتے ہوئے اپنی کار کی طرف بڑھتے رہے۔ اسی وقت ایک صحافی نے کہا ’’ایسا نہ کریں ورنہ آپ کی فلم ’دسوی‘ ناکام ہوجائے گی‘‘۔
صحافی کی اس بات پر ابھیشیک بچن رکے اور صحافی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس صحافی کا نام لیتے ہوئے کہا ’’منوج ایسا بولتے ہیں؟‘‘۔ ابھیشیک بچن کی اس بات پر صحافی کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اس نے ابھیشیک سے معافی مانگی جس کے بعد ابھیشیک بچن اپنی کار میں بیٹھ کر وہاں سے چلے گئے۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن کی فلم ’’دسوی‘‘ 7 اپریل کو جیو سینمااور نیٹ فلیکس اسٹریمنگ سائٹ پر ریلیز جائے گی۔ فلم میں ابھیشیک کے ہمراہ اداکارہ یامی گوتم اور نمرت کور بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔