کابل کی مسجد میں دھماکہ، 6افراد زخمی

کابل: افغان دارالحکومت کابل کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کابل کے پل خشتی مسجد میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں، مقامی پولیس نے حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغان وزارت داخلہ نے مسجد میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عصر کی نماز کی ادائیگی کے چند منٹ بعد دھماکہ ہوا، یہ دستی بم حملہ تھا، حملے میں چھ افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ مسجد کابل کے ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے اور اس کے ارد گرد مصروف دکانیں اور بازار موجود ہیں۔

واقعے کے بعد طالبان کی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، فوری طور پر کسی بھی گروہ نے مسجد حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے عوامی اہداف پر حملوں میں بڑی حد تک کمی آئی ہے، لیکن داعش سے وابستہ تنظیمیں ملک کے کچھ حصوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔