مارک زکر برگ کا اپنی ورچوئل کرنسی متعارف کروانے کا منصوبہ

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا اپنی ورچوئل کرنسی متعارف کروانے پر کام کر رہی ہے جسے ممکنہ طور پر زک بکس کا نام دیا جائے گا۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک اور انسٹا گرام کی پیرنٹ کمپنی میٹا مختلف طرح کے سکوں پر مبنی زک بکس نامی ورچوئل کرنسی بنانے میں مصروف ہے۔

فیس بک کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی بنانے اور اسے متعارف کروانے کی خبریں 2019 سے جاری ہیں اور خیال کیا جا رہا تھا کہ کمپنی 2020 تک ورچوئل کرنسی پیش کردے گی، تاہم ایسا نہ ہوسکا، لیکن اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ میٹا منفرد قسم کی ورچوئل کرنسی بنانے میں مصروف ہے۔

ورچوئل کرنسی کی تیاری کے منصوبے سے منسلک افراد کے مطابق میٹا کے بانی مارک زکر برگ اپنی ایپز میں ورچوئل کرنسی متعارف کروانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی جانب سے تیار کی جانے والی ڈیجیٹل کرنسی کو زک بکس کا نام دیا گیا ہے، جسے انسٹاگرام سمیت فیس بک ایپ پر ابتدائی طور پر متعارف کروایا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا کی یہ کرنسی کرپٹو کی طرح ہرگز نہیں جو بلاک چین پر انحصار کرتی ہے بلکہ زک بکس، روبلوکس روبکس اور فارٹنائٹ وی بکز جیسی ان-ایپ ٹوکن کرنسیز کی طرح ہے جو کہ کسی ورچوئل ٹوکن کی طرح کام کرتی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ میٹا نہ صرف ورچوئل کرنسی کی تیاری میں مصروف ہے بلکہ کمپنی مستقل کے متعدد نئے بزنس پروجیکٹس پر بھی کام کرنے میں مصروف ہے، جن میں سے میٹا ورس اہم ترین ہے، جس میں ممکنہ طور پر رقم کی ادائیگی اور دیگر مالی سروسز بھی شامل ہوں گی۔

رپورٹ کے مطابق میٹا بیک وقت ایک ہی طرح کی مختلف ورچوئل کرنسیز بنانے میں مصروف ہے، ان میں فیس بک گروپ پر اچھی کارکردگی پر ریوارڈز اور انسٹاگرام پر کریئیٹرز کو کوائنز دیے جائیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میٹا ورچوئل کرنسی کے علاوہ روایتی فنانشل سروسز پر بھی کام کر رہی ہے جس میں چھوٹے کاروباروں کو قرضے دینا شامل ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ زک بکس کو کب تک متعارف کروایا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے سال 2023 تک پیش کردیا جائے گا اور ابتدائی طور پر اسے صرف فیس بک اور انسٹاگرام پر ہی متعارف کروایا جائے گا۔