یوکرین میں جاری جنگ کے دوران کیف کے قریب گاؤں میں ایک 'اجتماعی قبر' سے درجنوں شہریوں کی لاشیں ملی ہیں، یوکرینی اہلکار کے مطابق حالیہ ملنے والی اجتماعی قبر روسی افواج کے دارالحکومت کے مشرقی علاقوں پر حملوں کے بعد دریافت ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق دمیٹریوکا کمیونٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ لاشیں ایک پیٹرول اسٹیشن کے قریب ایک کھائی سے ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز یوکرینی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ اب ہم زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں لیکن قبضے کے دوران ہمارے بہت سے شہری ہلاک ہوگئے، تاہم فوری طور پر نیوز ایجنسی اس خبر کی تصدیق نہیں کر سکی۔
شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے باعث روس کو بین الاقوامی مذمت اور نئی پابندیوں کا سامنا ہے، خاص طور پر کیف کے شمال مغرب میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئیں جہاں صرف ایک ہفتہ قبل ہی روسی افواج نے قبضہ کیا تھا۔
روس نے یوکرین اور مغربی ممالک کی جانب سے جنگی جرائم کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے، اس نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے سے انکار کیا، روس اس کارروائی کو اپنے پڑوسی ملک کو عسکری طاقت سے محروم کرنے کے لیے خصوصی آپریشن قرار دیتا ہے۔