امریکہ کا پہلا نجی خلاباز مشن خلائی اسٹیشن پہنچ گیا

لاس اینجلس:بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کا پہلا امریکی نجی خلاباز مشن مدار میں گردش کرنے والی لیبارٹری میں پہنچ گیا ہے۔

 اس مشن کا کوڈ نام اے ایکس۔ ون ہے جو ناسا کے فلوریڈا میں  نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (نا سا) کے کینیڈی اسپیس سینٹرسے جمعہ کو اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ سے روانہ کیا گیا تھا۔ 

چار افراد پر مشتمل اس کثیرالقومی عملے میں امریکہ کے کمانڈرمائیکل لوپیز-ایلیگریا اور پائلٹ لیری کونر، اسرائیل کے مشن اسپیشلسٹ ایٹن اسٹیب اور کینیڈا کے مشن اسپیشلسٹ مارک پیتھی شامل ہیں۔

 ناسا نے کہا کہ آئی ایس ایس پہنچنے والا یہ پہلا مشن ہے جو مکمل طور پر نجی عملے پر مشتمل ہے۔

 ناسا کے مطابق اے ایکس۔1 ہفتے کو ایسٹرن وقت  کے مطابق صبح 8 بجکر 29 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 5 بجکر 29 منٹ)پر مدارکے کمپلیکس میں اترا جو خلائی جہاز وسطی بحراوقیانوس سے 260 میل (تقریبا 418 کلومیٹر) اوپر پرواز کررہا تھا۔

 ناسا کے مطابق 10 روزہ مشن میں عملہ سائنسی تحقیق، رسائی اور دیگر سرگرمیاں انجام دے گا۔