پشاور: اپوزیشن نے وزیرعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لے لی،اپوزیشن نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا مقصد اسمبلی گرانا نہیں بلکہ تحریکِ عدم اعتماد کا مقصد اسمبلی کو تحلیل سے بچانا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن صوبائی حکومت کو گرانا نہیں چاہتی بلکہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کا مقصد صوبائی اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانا تھا۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے اسمبلی تحلیل نہ کرانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
وزیراعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک واپس لینے کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کرلیا ہے، تحریک عدم اعتماد اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے کے لیے آج اسمبلی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔