پاکستان کی پاپ گلوکارہ عینی خالد بھی ان فنکاروں میں سے ہیں جو عمران خان کی کال پر سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکلے۔
عینی خالد نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے لاہور میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کا احوال بتاتے ہوئے لکھا کہ آج کے جلسے میں، میں نے عام افراد کو لوگوں میں جوس کی بوتلیں اور پانی تقسیم کرتے دیکھا۔
گلوکارہ نے کہا کہ اس جلسے میں اجنبی افراد خواتین کے گرد دائرہ بناکر ان کی حفاظت کررہے تھے جب کہ کچھ مرد حضرات بچوں کے ہمراہ خواتین کے گرد ہاتھوں کی چین بنائے کھڑے تھے۔
عینی خالد نے کہا کہ یہ منظر دل موہ لینے والا تھا، یہ ہے عمران خان کا پاکستان۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان نے مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں، لاہور میں لبرٹی چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے عمران خان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے جہاں پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کیا جب کہ راولپنڈی میں لیاقت باغ پر مظاہرین موجود رہے۔
دوسری جانب پشاور میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں نے ریلیاں نکالیں۔