ہونڈا کا 20لاکھ سے زائد برقی گاڑیوں کی تیاری کا منصوبہ

جاپان کی ہونڈا موٹر کمپنی نے برقی گاڑیوں سے متعلق بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030 تک 20 لاکھ سے زائد برقی گاڑیاں بنائے گی۔

ہونڈا موٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ برقی گاڑیوں کی اقسام اور پیداوار دونوں کو وسعت دینے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے، اور انھی کی بدولت کوشش ہے کہ 2030 تک ہر سال دنیا بھر میں 20 لاکھ برقی گاڑیاں تیار کی جائیں۔

کمپنی کے حکام کے مطابق وہ اس سلسلے میں 30 ماڈل پیش کریں گے، اور برقی گاڑیوں کی پیداوار کو کمپنی کی سالانہ پیداوار کا تقریباً نصف تک پہنچایا جائے گا.

خیال رہے کہ گزشتہ سال دنیا بھر میں ہونڈا کی تمام اقسام کی 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں تیار کی گئی تھیں۔

کمپنی کے مطابق الیکٹرک وہیکلز سے متعلق حکمت عملی کے پہلے قدم کے طور پر 2024 میں تجارتی سطح پر ایک چھوٹی گاڑی متعارف کرائی جائے گی، اس گاڑی کی قیمت 10 لاکھ سے 20 لاکھ ین کے درمیان، یا لگ بھگ 8 سے 16 ہزار ڈالر ہوگی۔

کمپنی کا ارادہ ہے کہ 2024 کے موسمِ بہار میں نئی سالڈ اسٹیٹ بیٹریاں پیش کی جائیں، جدید قسم کے آلات سے ای وی کی رینج میں، موجودہ لیتھیم آئن بیٹریاں استعمال کرنے والی کاروں کے مقابلے میں بہت اضافہ ہو جائے گا۔

ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ برقی گاڑیوں سے متعلقہ تحقیق و ترقی پر اگلے 10 سالوں کے دوران 50 کھرب ین، یا تقریباً 40 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔