اسٹاک ہوم: سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد مختلف شہروں میں احتجاج اورہنگاموں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سوئیڈن میں مسلمان دشمن انتہا پسند تنظیم کی جانب سے قرآن پاک کے نسخے جلائے جانے کے بعد مختلف شہروں میں ہنگامے اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
دائیں بازو کی مسلمان دشمن تنظیم نے سوئیڈن میں ایک مہم کا آغاز کیا ہے جس میں قرآن پاک کے نسخے جلائے جارہے ہیں۔ اس گھناؤنی مہم کیخلاف سوئیڈن کے مختلف شہروں میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف گزشتہ 4 روز سے جاری احتجاج کے دوران پولیس اورمظاہرین میں جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ہنگاموں کے دوران بس سمیت بہت سی گاڑیوں کوآگ لگا دی گئی۔ پولیس نے 30 سے زائد مظاہرین کوگرفتارکرلیا۔
قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ایران اورعراق نے سوئیڈن کے سفیرکو طلب کرکے شدید احتجاج کیا جبکہ سعودی عرب نے اس مکروہ واقعہ کی مذمت کی ہے۔