پشاور : چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے ماہ رمضان میں مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی مہنگے داموں فروخت پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کمشنر پشاور سمیت دیگر ذمہ داران کو احکامات جاری کردیے۔
چیف جسٹس قیصر رشید خان کے طلب کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل، کمشنر پشاور، سیکریٹری فوڈ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ماہ رمضان میں اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، غریب آدمی اپنےبچوں کیلئے افطاری تک خرید نہیں سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے یہاں پر ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی شروع ہوجاتی ہے جس سے ہر چیزمہنگی ہوجاتی ہے، مہنگائی عروج پر ہے لیکن حکومت نام کی کوئی چیز نظرنہیں آرہی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ گوشت 500 سے 800 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے، انتظامیہ کی کوئی کارروائی نظرنہیں آرہی، انتظامیہ کی کارگردگی صرف رپورٹس کی حد تک ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور غریب شہری کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا،
جس کے جواب میں کمشنر پشاور نے بتایا کہ مہنگی چیزیں بیچنے والے دکانداروں کیخلاف کارروائی کررہےہیں۔
اس کے علاوہ کارروائی کے دوران گراں فروشون کیخلاف 329ایف آئی آر درج اور 20لاکھ سے زائد جرمانہ بھی وصول کیا گیا جبکہ7ہزار دکانوں کو سربمہر کیا،3ہزار سے زائد افراد کو وارننگ دی گئی۔
چھوٹے موٹے جرمانوں سے کچھ فرق نہیں پڑتا، جومہنگے داموں چیزیں بیچتے ہیں ان کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے، اسمگلنگ ہورہی ہے تواس کو روکیں، پہلے اپنے لوگوں کو چیزیں مہیا کریں۔