بیٹیوں متعلق بیان، اداکارہ صاحبہ تنقید کی زد میں

پاکستان کی ماضی کی معروف اداکارہ صاحبہ کے بیٹی سے متعلق دئیے گئے بیان پر متعدد فنکاروں کی جانب سے ردعمل آرہا ہے۔

اداکارہ صاحبہ حال ہی میں اپنے شوہر افضل خان المعروف جان ریمبو کے ہمراہ ندا یاسر کے شو میں شریک ہوئیں۔ جہاں ان کا بیٹی سے متعلق دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

اداکارہ صاحبہ نے ندا یاسر کے شو میں کہا تھا کہ انہیں شوق تھا کہ ان کے صرف بیٹے ہوں، بیٹی نا ہو۔ اللہ نے مجھے اس زمانے میں بیٹی نہیں دی تو میں خدا کا شکر ادا کرتی ہوں۔

اداکارہ صاحبہ نے بیٹی کی خواہش نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں پر دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے، بیٹیاں زندگی بھر کبھی اپنی من منانی کرہی نہیں سکتیں، پہلے والدین کا اور پھر شوہر کا پریشر۔ لڑکیوں کی اپنی کوئی مرضی اور اپنی کوئی زندگی نہیں ہوتی۔

اداکارہ صاحبہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین کے ساتھ متعدد فنکار بھی اس پر اپنا ردعمل ظاہر کررہے ہیں۔

اداکارہ کرن تعبیر نے صاحبہ کے بیٹیوں سے متعلق بیان پر کہا’’اللہ بیٹی بھی ان کو دیتا جو اس قابل ہوتا، افسوس ہماری آج کی عورت کی ایسی سوچ  دیکھ کر‘‘۔

گزشتہ روز اداکار معمر رانا نے صاحبہ کا نام لیے بغیر ان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انسٹاگرام پر بیٹیوں کے ہمراہ اپنی تصویریں پوسٹ کیں۔ اداکار معمر رانا کی بیوی نے بھی اس بات کا شکر ادا کیا کہ وہ 2 بیٹیوں کی ماں ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے حضورﷺ کی ایک حدیث بھی شیئر کی’’ وہ عورت خوش قسمت ہے جس کی پہلی اولاد بیٹی ہوتی ہے‘‘۔