مزار شریف کی مسجد میں دھماکہ، 14افراد جاں بحق، 65زخمی

افغانستان کے شہر مزار شریف کی مسجد میں دھماکے سے اب تک 14 افراد جاں بحق اور کم از کم 65 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کمانڈر محمد آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکا اہل تشیع کی مسجد کے اندر ہوا لیکن فی الحال دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

 دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

افغان محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور اموات کی تعداد میں اضافےکا امکان ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے افغانستان کے شہر مزار شریف کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے ہمسایہ ملک افغانستان میں امن کا خواہاں رہا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل کابل میں اسکول کے باہر تین دھماکے ہوئے تھے جن میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔