افغانستان میں معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک اور آن لائن گیم پب جی پر پابندی عائد کردی گئ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جمعرات کے روز امارت اسلامیہ کے نائب ترجمان انعام اللہ سمنگانی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ' ٹک ٹاک اور پب جی نے نوجوان نسل کو گمراہ کر دیا ہے اس لیے وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کو انہیں بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے'۔
اس کے علاوہ ٹی وی چینلز کو غیر اخلاقی مواد دکھانے سے روکنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال طالبان کی حکومت کے آنے کے بعد افغانستان میں موسیقی، فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں پر پابندی عائد کردی گئی تھی جس کے بعد نوجوانوں میں ٹک ٹاک اور پب جی کافی مقبول ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوری میں شائع ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ملک افغانستان میں صرف 90لاکھ سے زیادہ لوگوں کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے جبکہ تقریباً 40 لاکھ سوشل میڈیا صارفین ہیں، جن میں فیس بک سب سے زیادہ مقبول ہے۔