پشاور:خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں میں صفائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی خدمات آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے اس کیلئے لائحہ عمل تیار کرکے منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے
وزیرعلیٰ نے یہ ہدیات جمعرات کے روز ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا اہم جز قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق عملی پیش رفت کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے، ادارے اور مقامی انتظامیہ اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان منصوبوں کی تکمیل ممکن ہو سکے اور عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے بلا تاخیر مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر یا کوتاہی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے کے بڑے شہروں میں صفائی اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے امور کو بہتر بنانے کے لئے محکمہ بلدیات کو ہدایت کی کہ ایبٹ آباد سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں صفائی اور کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کی خدمات کو آؤٹ سورس کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرکے منظوری کے لئے پیش کیا جائے تاکہ بڑے شہروں میں صفائی ستھرائی کے معاملات کو مطلوبہ معیار تک بہتر بنایا جاسکے۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کے علاوہ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں، کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کی اپگریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکورہ ہسپتال کو کٹیگری بی سے کٹیگری اے میں اپگریڈ کردیا گیا ہے اور ہسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے منصوبہ بھی منظورکیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں کثیر المقاصد ان ڈور جمانزئیم کے قیام کے لئے زمین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے جبکہ جنرل بس اسٹینڈ اور سبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے سلسلے میں زمین کی خریداری کے لئے سمری جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد کینٹ میں مین ڈرین کی بحالی کے لئے فوری اقدام کے طور پر محکمہ آبپاشی اور کمشنر ہزارہ کو ضروری اقدامات اٹھانے جبکہ منصوبے کے طویل المدتی پلان پر پیشرفت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے شارٹ ٹرم اقدام کے تحت ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ذریعے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کو خیبرپختونخوا سیٹیز امپرومنٹ پروجیکٹ ایبٹ آباد پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا مجموعی طور پر تخمینہ لاگت 12 ارب روپے سے زائد ہے۔
منصوبے کے اہم فیچر ز میں چونا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم، انٹیگریٹڈ سالڈویسٹ منیجمنٹ سسٹم، ایڈ وینچر فیملی پارک کی ترقی، پرانے ڈمپنگ سائیٹ کی پارک میں منتقلی اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت گرین سپیسز اور پارکس کی تعمیر جلد مکمل کر لی جائے گی جبکہ باقی منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ منصوبے کے تحت سالڈ ویسٹ کی ڈسپوزل کے لئے جدید طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔