انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی طرح اب ٹویٹر نے بھی اپنے صارفین کے اسٹیٹس کےلیے پرتولنےشروع کردیئے ہیں جسے وائب کا نام دیا گیا ہے۔
اس کا سب سے پہلے اشارہ ایک ایپ تجزیہ کار اور محقق جین وونگ نے کیا ہے اور انہوں نے اسے ٹویٹ بھی کیا ہے۔ جین نے بتایا ہے کہ ٹویٹ کمپوزر باکس کے اوپر کمپوزر باکس میں اس کا آپشن موجود ہوگا۔ یہاں ’سیٹ اے اسٹیٹس‘ لکھا ملے گا جسے چھوکر اسٹیٹس سیٹ کیا جاسکتا ہے۔
جین نے بتایا کہ اس میں سے بعض اسٹیٹس مضحکہ خیز بھی ہیں، مثلاً ’ سودے کی خریداری‘ یا ’ شاہراہ پر سفر‘ جیسے اسٹیٹس بھی شامل ہیں۔ لیکن اب بھی اس کی مزید تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔
بعض تبصرہ نگاروں نے اسے فیس بک ’فیلنگز‘ کی طرح قرار دیا ہے۔ لیکن شاید ہر ٹویٹ کے حساب سے اسٹیٹس تبدیل کرنے کا آپشن دیا جائے گا۔ اس طرح آپ کسی کانفرنس سے لائیو ٹویٹس کرسکیں گے اور یوں اپنی پوزیشن سے واضح کرسکیں گے۔
تاہم ٹویٹر نے اس ضمن میں نہ ہی کوئی ٹویٹ کیا ہے اور نہ کوئی بیان دیا ہے۔ دی ورج ویب سائٹ کے مطابق جب انہوں نے ٹویٹر انتظامیہ سے رابطہ کیا تو اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ تاہم اتنا ضرور کہا جاسکتا ہے کہ ٹیوٹر جلد ہی اسے ٹیسٹ کے لیے کچھ صارفین کو پیش کرسکتا ہے۔