یورپی ملک فرانس میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ایمانوئیل میکرون دوسری بار پانچ سال کے لیے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
ایمانوئیل میکرون نے خاتون حریف میرین لیپن کو شکست دی۔ انتخابی نتائج کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے 58.55 فیصد جبکہ مخالف امیدوار میرین لی پین نے 41.45 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ملک بھر میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہی اور 47 ملین سے زیادہ لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
فرانس میں 20 سال میں ایمانوئیل میکرون پہلے فرانسیسی صدر ہیں جو دوسری بار منتخب ہوئے۔
میرین لیپن کا تعلق انتہا پسند جماعت سے ہے جس نے موجودہ الیکشن میں اپنی تاریخ کے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ فرانس میں انتہا پسندی میں اضافہ ہورہا ہے۔
یوں تو ایمانوئیل میکرون نے بھی اپنے اقتدار کے دوران بہت سے اسلام مخالف اقدامات کیے جن میں اس نے توہین آمیز خاکوں کی بھرپور حمایت کی، مسلمانوں پر حجاب نہ پہننے سمیت کئی پابندیاں لگائی گئیں لیکن میرین لیپن خصوصا مسلمانوں کے بارے میں اور زیادہ سخت گیر نظریات رکھتی ہیں۔
الیکشن ہارنے کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے میرین لیپن نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتیجہ ایک شاندار فتح کی نمائندگی کرتا ہے اور اب وہ جون میں پارلیمانی انتخابات میں بھرپور طریقے سے میدان میں اتریں گی۔