لندن: سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور براڈ کاسٹر جارج گیلوے نے عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کی پیش گوئی کردی۔
اپنے شو دی مدر آف آل ٹاک شوز ود جارج گیلوے میں جارج گیلوے نے پاکستانی حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگ پاکستان میں احتجاج کر رہے ہیں۔
پشاور، کراچی، لاہور کے بعد اب اسلام آباد میں بیرونی مدد سے مسلط کی گئی امپورٹڈ حکومت کو گرانے کے لیے مارچ کیا جا رہا ہے کیوں کہ یہ حکومت عمران خان کی جائز حکومت کا تختہ الٹ کر قائم کی گئی جب کہ شہباز شریف کی نئی وفاقی حکومت کی 34 رکنی کابینہ میں سے 24 وزرا کریمنل چارجز پر ضمانت پر ہیں۔
جارج گیلوے نے کہا کہ میں کبھی عمران خان یا تحریک انصاف کا مداح نہیں رہا لیکن پاکستان کے لیے عمران خان کا ساتھ دے رہا ہوں کیوں کہ پاکستان میرے دل کے بہت نزدیک ہے، پاکستان کے ساتھ میرا تعلق 70 کی دہائی سے ہے، مجھے پاکستان میں 80 کی دہائی میں جمہویت کے لیے کام کرنے پر اعلی سول ایوارڈ ہلال قائد اعظم سے بھی نوازا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت ان لوگوں نے چوری کرلی ہے جن کا چوری کا ٹریک ریکارڈ رہا ہے اور میں اس پر چپ نہیں رہ سکتا کیوں کہ ان لوگوں نے بڑے پیمانے پر چوری اور کرپشن کی ہے اور امریکہ نے مجرمانہ حکومت کو پاکستان میں انسٹال کر دیا۔
اس کابینہ میں 34 میں سے 24 وزیر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مختلف چارجز میں ضمانت پر ہیں، دنیا میں ایسی کوئی حکومت نہیں جہاں 70 فیصد کابینہ ضمانت پر ہو۔
جارج گیلوے نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے حکومت کے بدلنے کے آپریشن میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی اور ان کی پارٹی کے 20 ارکان اپوزیشن سے جا ملے۔
عمران خان کی حکومت کی تبدیلی کے پیچھے وہی دو الفاظ کارفرما تھے یعنی ایبسولوٹلی ناٹ! یہی دو الفاظ عمران خان کے سیاسی ڈیتھ وارنٹ ثابت ہوئے تاہم مجھے یقین ہے کہ عمران خان دوبارہ واپس آئے گا کیوں کہ نکالنے والوں نے عمران خان کو سمجھنے میں غلطی کی۔