پاکستانی فلم ’’دم مستم‘‘ ریلیز سے پہلے ہی مشکلات کاسامنا

لاہور: معروف پاکستانی اداکار عمران اشرف اور امر خان کی فلم ’’دم مستم‘‘ کے خلاف خواجہ سراؤں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

فلم ’’دم مستم‘‘ میں شامل متنازعہ ڈائیلاگ کے معاملہ پر خواجہ سراؤں نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے خواجہ سرا زانایا چوہدری کی درخواست پر سماعت کی۔

بیرسٹر احمد پنسوتا نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا فلم سے خواجہ سراؤں کے خلاف ڈائیلاگز کو حذف کیا جائے۔

درخواست گزار نے کہا ان ڈائیلاگز سے خواجہ سراؤں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ فلم ’’دم مستم‘‘ میں خواجہ سراؤں کے خلاف ڈائیلاگز اور مکالمے بولے گئے ہیں اور ان ڈائیلاگز کی وجہ سے خواجہ سراؤں کے خلاف ہزرہ سرائی کی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’’دم مستم‘‘ کو عیدالفطر پر سینماؤں میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔