حقیقی آزادی کی تحریک کیلئے پوری قوم کو تیار کرنا ہے، عمران خان

پشاور: پاکستان تحریک  انصاف کے چیئرمین  و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ چیف الیکشن کمشنر (ن) لیگ کا ایجنٹ ہے،کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو منظور نہیں کریں گے۔

بیرونی سازش کے تحت ہمارے ملک پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی، کابینہ کے 60 فیصد ارکان ضمانت پر ہیں۔

 آصف زرداری، نواز اور شہباز شریف ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں،ہم ایک آزاد ملک ہیں، اللہ کے علاوہ کسی کے آگے نہیں جھکیں گے۔

پشاور میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کے دوران سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ڈاکوؤں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو منظور نہیں کریں گے۔

 سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک کے لئے کارکنوں کو پوری قوم کو تیار کرنا ہے، پاکستان کی تاریخ میں یہ فیصلہ کن وقت ہے، بیرونی سازش کے تحت ہمارے ملک پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔

 عمران خان نے کہا کہ کابینہ کے 60 فیصد ارکان ضمانت پر ہیں، آصف زرداری، نواز اور شہباز شریف ملک کے سب سے بڑے ڈاکو ہیں، وہ ملک سے پیسہ چوری کرکے بیرون ملک لے گئے، یہ لوگ پاکستان آتے ہیں لوٹنے ہیں اور پھر باہر لے جاتے ہیں۔ 

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 1947 کے بعد سب سے اہم فیصلہ کن وقت آج ہے کہ ہم پورہی قوم حقیقی جمہوریت کو بچانے کے لیے ان کا مقابلہ کرے۔

 ڈاکوؤں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت کو منظور نہیں کریں گے، ہم ایک آزاد ملک ہیں، اللہ کے علاوہ کسی کے آگے نہیں جھکیں گے۔

 عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے ایک ہی رکن اسمبلی منحرف ہوا۔ میں انتظار کررہا ہوں کہ نور عالم اپنے حلقے میں آئے اور لوگوں سے ووٹ مانگے۔ پاکستان جہاں جہاں لوٹے ووٹ مانگنے جائیں گے تو ان کے ساتھ عوام بہت برا کرے گی۔

 چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکا نے 1950 کی دہائی میں ایران میں جمہوری حکومت تبدیل کی، امریکا نے پیسہ چلایا اور پھر اپوزیشن سے احتجاج کرایا۔ چلی میں بھی ایسا ہی کیا، پاکستان میں انہوں نے ایسا ہی کیا۔

 عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کے خلاف اس وقت سازش کی گئی جب 11 سال میں سب سے کم خسارہ ہماری حکومت میں ہوا، ہماری معیشت 5.6 فیصد پر بڑھ رہی تھی۔ اس کے باوجود پہلی حکومت ہٹائی گئی جس پر کرپشن کے الزام نہیں لگائے گئے۔

 سابق زیر اعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے مہنگائی ہے، دنیا میں سستا ترین ملک پاکستان ہے، ہم نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا جس کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت رکھی۔ ہم نے کسانوں کو فائدہ پہنچایا، شوگر مافیا کا مقابلہ کیا۔