فیروز خان نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کرلی

کراچی: شوبز انڈسٹری کی دیگر اہم شخصیات کی طرح معروف اداکار فیروز خان نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ماہِ صیام کے دوران جہاں دنیا بھر سے مسلمان عمرے کی ادائیگی کے لیے جارہے ہیں وہیں شوبز شخصیات بھی کسی سے پیچھے نہیں، حالیہ دنوں نامور اداکارہ یشما گل اور مشہور گلوکارہ آئمہ بیگ نے عمرے کی سعادت حاصل کی، اب فیروز خان نے بھی عمرہ ادا کرلیا ہے۔

اداکار نے سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں فیروز خان کو احرام پہنے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’تم سے کیا مانگوں، تم خود ہی سمجھ لو‘۔

تصویر کے کامنٹ سیکشن میں مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ اداکار نے گزشتہ ہفتے ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ بھی ایک دن کعبہ جائیں گے۔