چین کا کہنا ہے کہ کسی طاقت کو پاک چین دوستی سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یقین ہے پاکستان پاک چین تعاون یقینی بنانےکیلئے مزید مضبوط اقدامات کرےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک چین تعاون کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو دونوں ملک نا کام بنادیں گے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے چینی باشندوں، پراجیکٹس،تنظیموں کی سکیورٹی مضبوط کرنے کا وعدہ کیا ہے اور کراچی حملے کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے بھرپور تحقیقات کررہا ہے۔
وانگ وین بن کا کہنا تھا کہ پاکستان،چین دہشتگردوں کے ہاتھ کاٹنے اور اُنہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہےکہ 16اپریل کو کراچی یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے پاس وین کے قریب خودکش دھماکا کیا گیا جس میں تین چینی اساتذہ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔